1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتافریقہ

جوہانسبرگ: رہائشی عمارت میں آتشزدگی، کم ازکم 73 افراد ہلاک

31 اگست 2023

حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ آتشزدگی کی شکار عمارت میں کم ازکم 200 افراد رہائش پذیر تھے۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/4VoKP
Südafrika | Großbrand in Johannesburg
تصویر: Michele Spatari/AFP/Getty Images

جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت میں رات گئے لگنے والی آگ سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔ شہر میں ایمرجنسی مینجمنٹ سروسز کے ترجمان رابرٹ مولودزی نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ اب تک اس عمارت سے 73 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 52 دیگر افراد زخمی ہیں۔

مولودزی نے ٹیلی ویژن چینلز کو بتایا کہ کچھ لاشیں اس قدر جل چکی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں۔ اس ترجمان کے مطابق تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں اور یہ کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Südafrika | Großbrand in Johannesburg
حکام کے مطابق جائے حادثہ پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں اور یہ کہ  ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہےتصویر: Shiraaz Mohamed/REUTERS

ہم جوہانسبرگ میں آگ کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟

حکام نے ابتدائی طور پر صبح سویرے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ تاہم مزید لاشیں برآمد ہونے کے بعد سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

 حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر متعدد متاثرین کا علاج کیا جا رہا ہے اور انہیں صحت کی مختلف سہولیات کے مراکز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ کچھ لاشیں متاثرہ عمارت سے ہنگامی اخراج کے ایک گیٹ پر ملیں جو بند تھا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ لگنے کی وجہ کیا تھی۔ حکام کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی بدترین آفات میں سے ایک ہوسکتا ہے۔ ٹیلی ویژن فوٹیج میں آگ بجھانے والے ٹرکوں اور ایمبولینسوں کو سرخ اور سفید عمارت کے باہر جلی ہوئی کھڑکیوں کے سامنے کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ کچھ کھڑکیوں سے بستروں کی چادریں بھی لٹک رہی تھیں تاہم وہ حتمی طور پر اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آیا لوگوں نے ان چادروں کا استعمال آگ سے اپنی جانوں یا اپنے مال کو بچانے کے لیے کیا تھا۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر کے اس قدرے پسماندہ علاقے میں واقع عمارت میں تقریباً 200 کے قریب افراد رہائش پذیر تھے۔

Südafrika | Gebäudebrand in Johannesburg
امدادی کارکنوں نےمتاثرہ عمارت سے متعدد لوگوں کو ریسکیو بھی کیا ہےتصویر: Themba Hadebe/AP Photo/picture alliance

مولودزی کے مطابق یہ عمارت ایک "غیر رسمی رہائش" تھی جہاں بے گھر لوگوں نے  کسی لیز یا معاہدے کے بغیر پناہ لے رکھی تھی۔ ایک رہائشی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ عمارت میں رہنے والے زیادہ تر غیر ملکی تھے۔

غیر قانونی ذیلی تقسیم

 ڈی ڈبلیو کی نامہ نگار ڈایان ہاکر نے کہا کہ ممکنہ طور پراس عمارت کوغیر قانونی مالکان نے "ہائی جیک" کر لیا تھا اور پھر سرکاری اجازت کے بغیر اس میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حکام کو "پہلے عمارت تک رسائی حاصل کرنے میں بھی مشکل پیش آئی ہو گی۔ " انہوں نے کہا کہ "داخلی راستوں یا خارجی راستوں کی بندش بھی ہوسکتی ہے جس سے  حکام واقف نہیں ہوں گے۔"

جوہانسبرگ میں بڑے پیمانے پر غربت، بے روزگاری اور رہائش کا بحران پایا جاتا ہے۔ گوٹینگ کی صوبائی حکومت کے مطابق اس شہر میں تقریباً 15,000 لوگ  بے گھر  بھی ہیں۔

ش ر / ک م ( اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

جرمنی میں رضاکار، آگ کے سامنے دیوار