1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز: بچوں سے جمسانی مشقت بھی

25 ستمبر 2010

نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں معصوم بچوں سے بھی مشقت لی جا رہی ہے جبکہ منتظمین نے ان الزامات کو سرے سے مسترد کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PML3
تصویر: AP

انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی متعدد بین الاقوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کے حسن و نکھار کے لئے وہاں شجر کاری سمیت متعدد دیگر کاموں میں بچے اپنے والدین کے ہمراہ مشقت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ مزدوری کرنے والے یہ بچے فٹ پاتھوں کی مرمت جیسے انتہائی مشقت کے کام میں بھی مصروف نظر آتے ہیں۔

Indien Commonwealth Games New Delhi Stadion
کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کا ایک منظرتصویر: picture alliance/dpa

نئی دہلی میں چائلڈ لیبر کے مسئلے کو عالمی توجہ اس وقت حاصل ہوئی، جب برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے اپنے صفحہء اول پر وہاں ایک بچےکو مشقت کرتے ہوئے دکھایا۔ اس تصویر میں دکھائی دینے والا بچہ نئی دہلی کے ایک مرکزی سٹیڈیم میں نشستوں کی مرمت کے کام میں مصروف تھا۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے اس بچے کی عمر بیان نہیں کی۔

نئی دہلی میں حکام کا موقف ہےکہ تصویر میں دکھایا جانے والا بچہ دراصل ایک نوجوان ہے۔ دوسری جانب حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تصویر سٹیڈیم میں کس طرح لی گئی جبکہ وہاں اس وقت صحافیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

انسانی حقوق کے تحفظ کی بھارتی انجمنوں کا موقف ہے کہ انہیں بچوں سے جسمانی مشقت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں کھیلوں کے دولت مشترکہ مقابلوں کے انعقاد کی تیاریوں کے لئے بھارتی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بچوں کو بھرتی کیا گیا۔

Indien Commonwealth Games New Delhi Stadion
بین الاقوامی اداروں کے مطابق منتظمین بچوں سے جسمانی مشقت لے رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

اس خبر رساں ادارے نے متعدد بچوں کے انٹرویو بھی جاری کئے ہیں۔ ان میں مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ سُدھا نامی بچی بھی شامل ہے۔ اس بچی کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک برس سے فٹ پاتھ پر سو رہی ہے جبکہ اسے نئی دہلی کے مرکزی حصے میں تعمیراتی کام کرنے کے 130 روپے (تین ڈالر سے بھی کم) بطور اجرت دئے جاتے ہیں۔

دس سالہ رنبیر شرما بھی مزدوری کے لئے مدھیہ پردیش سے نئی دہلی آنے والے ایک خاندان کا بچہ ہے۔ اس بچے کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے فٹ پاتھ کی مرمت کے کاموں میں شریک ہے۔

تیرہ سالہ اشوک منی اپنے خاندان کے ہمراہ نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں پھول لگانے کے کام میں مصروف ہے۔ اس فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت نئی دہلی میں جگہ جگہ معصوم بچوں کو مشقتی کاموں میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے تاہم حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بھارتی غیر سرکاری تنظیمیں اس امر پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ حکومتی موقف کی حامی دکھائی دیتی ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں